اسلام آباد (یاسر رفیق) اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ ڈالنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں ووٹرزکے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا جس کے تحت پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اورنادرا کی رسید پرووٹ نہیں ڈالا جا سکے گا بلکہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ ساتھ لانا ضروری ہے تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پرووٹ ڈالنے کی اجازت ہے۔
دوسری جانب ووٹ ڈالنے کی تفصیلات کے لیے ووٹر8300 پراپنے ووٹ اورپولنگ اسٹیشن کی تفصیلات حاصل کر سکتا ہے جب کہ ووٹرگوگل میپ کے ذریعے پولنگ اسٹیشن کی معلومات اورپتہ معلوم کرسکتا ہے۔
بلدیاتی انتخابات میں ہرووٹر6 ووٹ کاسٹ کرے گا جہاں چیئرمین، وائس چیئرمین کے لیے ہلکا سبز،جنرل کونسلر کے لیے سفید اورخواتین کونسلرکے لیے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپرہوگا جب کہ مزدور،کسان کے لیے خاکی، نوجوان کونسلر کے لیے ہلکا سرمئی اورغیرمسلم کے لیے پیلے رنگ بیلٹ پیپر استعمال کیا جایے گا۔