اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن 24 جولائی کو جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں فوج بلانے کی درخواست چیف کمشنر اسلام آباد نے دی۔ اسلام آباد میں 350 آرمی جوان تعینات ہوں گے۔ فوج کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997ء کے تحت اختیارات اور مسلح افواج کے افسر کو پولیس افسر کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مسلح افواج کا اہلکار وارننگ کے بعد طاقت کا استعمال کر سکتا ہے۔ فوج کو وارنٹ کے بغیر کسی بھی عمارت کی تلاشی لینے کا اختیار ہوگا۔ متذکرہ شق کے نفاذ کے حوالے سے کارروائی کی ضرورت پڑنے پر متعلقہ سول اتھارٹی موقع پر موجود ہو گی، حالات کی خرابی پر فوج کو معاونت کے لئے بلایا جا سکے گا۔