اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نماز عید کے موقع پر موبائل فون سروس بند نہ کرنے کا اعلان اور آئی جی اسلام آباد کو شہر کی سیکیورٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں سینئر پولیس افسروں کے اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ وفاقی پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جائے گا۔
انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی کے اوقات کار میں کمی کی جائے اور انہیں سہولیات دی جائیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اسلام آباد میں چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ کا نظام زیادہ بہتر بنایا جائے اور غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کر دی جائیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں کچی آبادیوں میں تیزی سے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔