لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعد ذرائع سے گفتگو میں جماعت اسلامی کے امیر منورحسن کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے اپنے صدارتی امیدوارکی حمایت کی درخواست کی ہے تاہم جماعت اسلامی اس بارے میں سوچ کرفیصلہ کرے گی۔
منور حسن نے کہا کہ کراچی کی صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی، ان کا کہنا ہے کہ کراچی کا مسئلہ بڑا گھمبیر ہے، عجلت میں کیے گئے فیصلے کراچی کے مسئلے کو بگاڑ سکتے ہیں۔
چوہدری نثار نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ کراچی کے حالات ایک ملاقات میں حل نہیں ہو سکتے ،اس پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ملاقات میں جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اورسید کمال بھی شامل تھے۔امیر جماعت منورحسن نے وزیرداخلہ کی منصورہ آمد پر خود استقبال کیا۔