اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں 10 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر 10 روز کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا اطلاق رات 12 بجے سے شروع ہو چکا ہے۔۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈبل سواری پر پرپابندی دفعہ 144 کے تحت ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر لگائی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جب کہ کراچی میں بھی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی وارداتوں کے بعد شہر میں 10 روز کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر آرٹیکل 245 بھی نافذ ہے جس کے تحت دارالحکومت میں فوج تعینات ہے جبکہ گزشتہ تین ہفتوں سے جاری آزادی انقلاب مارچ کے دھرنوں کے باعث ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف مقامات کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر رکھا ہے۔