اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون تیار کر لیا، وزیر داخلہ

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے قانون تیار کر لیا گیا ہے،عدالت نے وقت دیا تو قانون کو اسمبلی میں لائیں گے، وفاقی پولیس میں قابل افسران رہیں گے، سفارشیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلیے قانون تیار کر لیا گیا ہے اور وزارت قانون نے بھی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار قانون کی توثیق کر دی ہے۔ان کا کہنا تھا اب صرف وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری درکار ہے،وزیر داخلہ کا کہنا تھا عدالت نے وقت دیا تو اس قانون کو اسمبلی میں لائیں گے۔

وقت نہ ملنے کی صورت میں آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی کر دی جائیگی، چودھری نثار کا کہنا تھا اعداد شمار بتاتے ہیں کہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا اسلام آباد میں پولیس کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا آئی جی اور ایس ایس پی آپریشنز کو تعیناتی سے قبل جانتا تک نہیں تھا۔ وفاقی پولیس میں قابل افسران رہیں گے، سفارشیوں کی کوئی جگہ نہیں۔