اسلام آباد : این اے 48 ، سیاسی جماعتوں نے قوائد کی دھجیاں اڑا دیں

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) کے حلقہ این اے 48 میں سیاسی جماعتوں نے پولنگ سٹیشنز کی حدود میں پولنگ کیمپس قائم کرکے الیکشن کمشن کے احکامات اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دیں۔ اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 میں آج پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے شروع ہوا تاہم امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمشن کے احکامات کی صریح خلاف ورزیاں بھی دیکھنے کو ملیں۔

الیکشن کمشن کی جانب سے واضح ہدایات تھیں کہ پولنگ سٹیشنز سے 400 گز کے فاصلے تک کوئی بھی پولنگ کیمپ قائم نہیں کیا جا سکتا تاہم اس حلقہ میں کوئی بھی ایسا پولنگ سٹیشن نہیں تھا جہاں ان احکامات کی خلاف ورزی نہ کی جا رہی ہو۔ پولنگ کیمپ میں براجمان ان کارکنوں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کے احکامات ماضی میں نہیں مانے تو اب کیا مانیں گے۔

ڈی جی الیکشن کمشن شیر افگن نے اس حوالے سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرکے اپنے آپ کو بری الذمہ کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس حوالے سے اب تک کوئی بھی شکایت نہیں ملی۔ ذرائع کی جانب سے کیمپس دکھائے جانے کے باوجود الیکشن کمشن کی چشم پوشی نہ صرف کمشن بلکہ انتخابات کی ساکھ بھی متاثر کر سکتی ہے۔