اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج 2 روزہ وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور حالیہ سیلاب پر بھی بحث متوقع ہے، جبکہ قانون سازی کے علاوہ دیگر امور بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔ آج کے اجلاس کی خاص بات تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایوان میں واپسی اور طویل عرصے سے تحریک انصاف کے اراکین کے سر پر ڈی سیٹ ہونے کی لٹکتی تلوار کا بھی خاتمہ ہو گا۔
عمران خان نے 2روز قبل اعلان کیا تھا کہ قصور میں بچوں سے زیادتی کا معاملہ بھی اسمبلی میں اٹھائیں گے، جس کے بعد یہ معاملہ بھی ایوان میں زیربحث آ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون سازی کے بعض مسودے بھی قومی اسمبلی کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت سہ پہر ساڑھے 3بجے ہوگا، حالیہ سیلاب سمیت سیاسی صورتحال پر بحث ہوگی، اجلاس میں قانون سازی، سینیٹ اراکین کے سوالات کے علاوہ دیگر اہم قومی امور زیر بحث لائے جائیں گے۔