اسلام آباد : کھلا پٹرول بیچنے اور ناقص سیکیورٹی انتظامات پر 2 پمپ سیل

Petrol

Petrol

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے 2 پٹرول پمپ کھلا پٹرول بیچنے اور سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر سیل کر دیے گئے ، ناپ تول میں ہیرا پھیری پر2 پٹرول پمپس کے خراب پوائنٹس سیل کر کے جرمانے کیے گئے ۔

دارالحکومت میں مختلف پٹرول پمپوں پر ضلعی انتظامیہ نے چھاپہ مارا،کوئی ناپ تول میں کمی تو کوئی کھلا پٹرول بیچتےپایا گیا ۔

ایف 8 کچہری اور جی نائن مرکز میں پی ایس او کے 2پٹرول پمپس فی لیٹرپٹرول میں 20 ملی لیٹر کی ہیرا پھیری کرتے پائے گئے ۔ دونوں پٹرول پمپ کے مالکان کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ اور خراب نوزلز کو سیل کر دیا گیا۔

جی نائن فور میں پی ایس او جبکہ راول چوک پر شیل کے پٹرول پمپ کو ناقص سیکیورٹی، پٹرول کی مقدار میں کمی اور کھلا پٹرول بیچنے پر 1 ،1 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کے علاوہ مکمل طور پر سیل بھی کر دیا گیا ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے اربن اور رورل علاقوں میں تمام تر پٹرول پمپ چیک کریں گے اور ناقص انتظامات پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام پٹرول پمپس کو ایک سال سے وارننگ دی جا رہی تھی کہ اپنے معاملات درست کر لیں۔