اسلام آباد (جیوڈیسک) دھرنا آپریشن کے خلاف لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کر دیں جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
روات کے علاقے چھنی پل کے قریب مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کر دی جس سے ٹریفک بری طرح جام ہو گئی۔ اسی طرح لاہور میں بھی فیروزوالہ کے علاقے امامیہ کالونی میں مظاہرین جی ٹی روڈ پر آگئے جہاں ٹائر جلا کر لاہور گوجرانوالہ جانے والا راستہ بلاک کر دیا۔
احتجاج کرنے والوں نے فیروزوالہ میں ریلوے ٹریک بند کر دیا۔ پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج پر مظاہرین نے جوابی پتھراؤ کیا۔ شیخوپور کے بتی چوک میں مظاہرین نے روڈ بلاک کر کے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ احتجاج کے باعث لاہور سرگودھا فیصل آباد روڈ بند ہو گیا۔
اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں بھی مظاہرین نے جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
ڈسکہ میں بھی کالج روڈ پر احتجاج کیا گیا، فیصل آباد میں مظاہرین نے سمندری کے علاقے میں احتجاج کیا اور سرگودھا روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا۔ انہوں نے رجانہ چوک میں ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔