اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکورٹی فورسز نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے چھ دہشتگرد گرفتار کر لیے، تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ حساس اداروں نے خفیہ اطلاعات پر وفاقی دارالحکومت کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔
شہزاد ٹاؤن، ترنول اور بہارہ کہو کے علاقوں میں کیے گئے سرچ آپریشن کے دوران چھ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہونیوالے تمام دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی سے ہے جو اسلام آباد میں دہشتگردی کی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ حساس اداروں نے دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔