اسلام آباد: محمد عبد الشکو ر صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور پاکستان آرفن کئیر فورم کے چیئرمین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں یتیم بچوں کا معاملہ انتہائی ابتر ہوتا چلا جا رہا ہے جبکہ ہم من حیث القوم یتیموں کے حقوق کی پہلو تہی کر رہے ہیں۔ جسطرح سے او ۔آئی ۔سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن) کے تحت مسلم دنیا میں 15رمضان المبارک بروز 21 جون کو یتیموں کا عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان بھی پاکستان آرفن کیئر فارم کے تحت ملک بھر میں یہ دن منائے گی۔جس کا مقصد مسلم معاشروں میں یتیم بچوں کے حقوق اور من حیث القوم معاشرے کی اجتماعی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن، یتیم بچوں کی فلاح وبہبود کرنے والے رفاہی ادارے ’’پاکستان آرفن کیئر فورم‘‘ کے ساتھ ملکر عرصہ دراز سے اس کوشش میں سرکرداں تھی کہ اس دن کو سرکاری سطح پر منانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ جس کام کو کچھ اداروں نے ملکر شروع کیا تھا حکومتی سرپرستی مل جانے کے بعد اس کے ثمرات ملک میں بسنے والے ہر ایک یتیم اور بے سہار ا تک پہنچائے جاسکیں۔اللہ کے فضل و کرم سے ایوانِ بالا میں لاوارث و یتیم بچوں کی کفالت، بحالی وفلاح اور ہر سال15 رمضان المبارک کو لاوارث و یتیم بچوں کا دن منانے کا بل2016ء متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔
پاکستان آرفن کئیر فورم میں الخدمت فاؤنڈیشن ، ہیلپنگ ہینڈ، مسلم ایڈ ، اسلامک ریلیف پاکستان،ہیومن اپیل، قطر چیرٹی ، ریڈ فاؤنڈیشن، غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ، تعمیر ملت فاؤنڈیشن، ایدھی ہومز،انجمن فیض الاسلام،صراط الجنت ٹرسٹ، خبیب فاؤنڈیشن،سویٹ ہومز اور فاؤنڈیشن آف دی فیتھ فل شامل ہیں اور ہر وہ تنظیم اور ادارہ جو ملک میں یتیم بچوں کی کفا لت یا فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہا ہے ، وہ ’’پاکستان آرفن کئیر فورم‘‘ کا حصہ بن سکتا ہے۔پاکستان آرفن کئیر فورم کی جانب سے 15 رمضان المبارک کو ’’یومِ یتامیٰ ‘‘اِس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ مسلم معاشرے کے لئے ہر یتیم بچہ رنگ، نسل اور مذہب کی تمیز کے بغیر اپنے ہی بچوں کی طرح عزیز ہو ۔ اِس ضمن میں 15 رمضان البارک کو ملک بھر میں سیمینار اور کانفرنسس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔