اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی راہدری منصوبے پر تحفظات کے بارے آل پارٹیز کانفرنس میں تیرہ نکاتی قرار داد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے۔
کل جماعتی کانفرنس کی منظورکردہ قرارداد میں وزیراعظم نواز شریف سے 28 مئی کی کل جماعتی کانفرنس کےاعلان پر عملدرآمد ، گوادر اور بلوچوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی روک تھام اور انہیں ملازمتوں میں مواقع فراہم کرنےکا مطالبہ کیا گیاہے جبکہ گوادرپورٹ میگا پروجیکٹ کا مکمل اختیاربلوچستان کو دیا جائے،اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے،گوادر میں بنیادی صحت اور زندگی کی دیگرسہولیات کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر کی جائے۔
کانفرنس کے میزبان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ وہ وفاق کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں مگراس کے لئے بلوچ عوام کو حقو ق دئیے جائیں۔
جمعیت العلمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا کہ اقتصادی راہدری منصوبے کےبارے میںکوئی موقف اپناتے ہوئے چین کے بارے میں امریکا اور پاکستان کے بارے میں بھارت کے خیالات کو مد نظر رکھا جائے۔ محمود اچکزئی نےکہاہے کہ ملک کی ترقی و کامیابی کی واحد کنجی انصاف ہے ۔
کل جماعتی کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ تمام منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ کانفرنس کے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی بھی ختم کی جائے ۔