اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسلام آباد میں پشاور امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت سے دہشتگردوں کیخلاف ملک گیر آپریشن کا مطالبہ کیا گیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے دہشتگردی کیخلاف ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کیخلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، ہر طرف خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے لیکن قاتلوں کو پکڑنے والا کوئی نہیں ہے۔ رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نام بدل کرکام کرنے والی تنظیموں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے، فوج کو مکمل طور پر اختیار دئیے جائیں اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑا پھینکا جائے۔