اسلام آباد (جیوڈیسک) برف باری، اولے، بارش اور ٹھنڈی ہوائیں۔ ملک بھر میں موسم نے رنگ بکھیر دئیے۔آج پنجاب ،خیبر پختونخوا ،شمالی بلوچستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔مری میں آج بھی برف باری ہو گی، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں حالیہ برفباری نے سردی کی شدت کئی گنا بڑھادی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، بالائی پنجاب ، خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔موسم سرما کے آخری دنوں میں، سردی زوروں پر ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے جبکہ پنجاب اور سندھ میں بعض شہروں میں بھی حالیہ بارش کے بعد جاتی سردیاں پھر لوٹ آئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد،بالائی پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن، بالائی خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ پشاور، کوہاٹ اور مردان ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ شمالی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بدھ کے روز سب سے کم درجہ حرارت قبائلی علاقے پاراچنار میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔