اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق گزشتہ رات ڈکیتی کی ایک واردات کو ناکام بناتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، پکڑے گئے ملزمان میں سے 2 کی شناخت ثمر اور عبد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ ان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور وہ کراچی کے علاقے کورنگی میں ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔
بھتے سے جمع کی گئی رقم اسی سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر میں جمع کرائی جاتی ہے۔ پولیس نے ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔