اسلام آباد (جیوڈیسک) میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے آبپارہ میں کلرکوں کا دھرنا ختم کرا دیا ، مزاحمت پر چھبیس کلرک گرفتار، کار سرکار میں مداخلت اور ریڈ زون میں احتجاج کرنے پر پانچ سو کلرکوں کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
وفاقی اداروں کے درجنوں کلرک کا تنخواہوں میں سو فیصد اضافے کیلئے پانچ روز سے احتجاجی دھرنے پر ہیں ، آج تھانہ آبپارہ پولیس نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کلرکوں کو دھرنا ختم کرنے کی ہدایت کی ۔ احتجاجی کلرکوں نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا اور مزاحمت کی ، ہاتھا پائی میں دو کلرک زخمی ہوگئے۔
پولیس نے چھبیس مظاہرین کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ، اس سے قبل ریڈ زون میں احتجاج کرنے اور کار سرکار میں مداخلت پر پانچ سو کلرکوں کیخلاف تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہے۔