بنی گالہ (جیوڈیسک) بنی گالہ کا میدان پولیس اور کھلاڑیوں کیلئے امتحان بن گیا ، یونیورسٹی روڈ پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں ، ستر سے زائد کارکنوں کو دھر لیا گیا۔
کپتان کے کھلاڑیوں نے بنی گالہ کے اطراف میں جنگل کو آگ لگا دی ۔ اسلام آباد میں سیاسی محاذ گرم ، بنی گالہ پر پولیس اور کھلاڑی آمنے سامنے ، یونیورسٹی روڈ پر تصادم ہوگیا ۔ پولیس اور ڈانڈا بردار کھلاڑیوں کے درمیان یونیورسٹی روڈ پر جھڑپیں ہوئیں ۔ پولیس کی جانب سے بنی گالہ جانیوالوں پر شیلنگ کی گئی جس سے ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔
بعض کارکن جھاڑیوں میں چھپ گئے ۔ پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا ، کارکنوں نے بنی گالہ کے اطراف میں جنگل کو بھی آگ لگائی ۔ پولیس نے 70 سے زائد کھلاڑیوں کو دھر لیا اور تھانہ بہارہ کہو اور تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ۔ بنی گالہ کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔
، تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو بھی آنے جانے سے روکا گیا انہوں نے کہا کہ پولیس ہمارے کارکنوں کو مار رہی ہے تو ہم پھول تو نہیں برسا سکتے ۔ ممکنہ صورتحال کیلئے پاکستان چوک پر بکتر بند گاڑیاں تیار ہیں ۔ ایف سی کی ڈنڈا بردار فورس بھی موجود ہے ۔ بہارہ کہو پولیس کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔