اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد پولیس اہلکاروں کے یونیفارم پر ویڈیو کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع اسلام آباد پولیس کے مطابق دو ہفتوں تک 20 کیمرے حاصل کر لیے جائیں گے اور ایک کیمرے کی قیمت تقریبا 100 ڈالر ہو گی، آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو کیمرے ابتدائی طور پر ناکوں پر کھڑے اہلکاروں کے یونیفارم پر لگائے جائیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ کیمروں کو سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور کیمروں سے ناکوں پر پولیس اور شہریوں کے درمیان گفتگو ریکارڈ کا حصہ بنے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اگلے مرحلے میں جدید کیمرے تھانوں میں موجود عملے کے یونیفارم کا بھی حصہ ہوں گے۔