اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں رات گئے تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش اور ژالہ باری نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، وفاقی دارلحکومت اور گردونوح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ سندھ ،بلوچستان، جنوبی اور وسطی پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم بالائی پنجاب بالائی خیبرپختونخواہ سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہا۔ آج سندھ ، جنوبی وسطی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے۔
سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ر یکارڈ کیا گیا جبکہ سبی ، شہید بینظیر آباد اور سکھر 46 ، دادو، موہنجوداڑو ، رحیم یار خان ، بہاولپور ، خانپور 45 ، لاڑکانہ ، پڈعیدن 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیے گئے۔