اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد پولیس نے رمضان المبارک کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا۔ شہر میں کل 650 مساجد، 40 امام بارگاہوں پر 1500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے انتظامات کئے ہیں۔
پولیس کے تمام ونگز کو آپس میں موثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں داخلے کے وقت میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لی جائیگی جبکہ گاڑیاں مساجد و امام بارگاہوں سے دور پارک کی جائینگی۔ سیکورٹی انتظامات کے لحاظ سے مساجد اور امام بارگاہوں کو تین تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔