اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں 9 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے 3 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ اسلام آباد میں تھانہ کورال کے علاقے میں 9 سالہ حیدر علی گزشتہ رات گھر سے ٹافیاں خریدنے کیلئے نکلا لیکن واپس نہ آیا، نامعلوم سفاک قاتلوں نے اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ایک زیر تعمیر گھر میں پھینک دیا۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر بچے کی لاش کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد میں گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔ معصوم فرشتے کے ساتھ درندگی کے مظاہرہ پر اہل علاقہ مشتعل اور والدین غم سے نڈھال ہیں، پولیس نے 3 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔