اسلام آ باد (جیوڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے جڑواں شہروں کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو نشے کا عادی بنانے والے نیٹ ورک کے 15 کارندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔ فورس کمانڈر اے این ایف کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات نشے کا عادی اور ان سے منشیات کی اسمگلنگ کروانے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی کورئیر کمپنی کے ذریعے طالب علموں کو منشیات اسمگل کرنے والے نیٹ ورک کے 15 کارندوں کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 39 کلو گرام ہیروئن بھی برآمد کر لی ہے۔
ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ اسکول، کالجوں اور یونی ورسٹیوں میں میٹرک سے لے کر انٹر اور گریجویشن تک کے طلبہ و طالبات کو منشیات فراہم کرتے تھے، پہلے طالب علموں کو نشے کا عادی بنایا جاتا تھا اور پھر انھیں بلیک میل کر کے نشہ آور اشیاء بیچنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔