اسلام آباد (جیوڈیسک) مغربی ہواؤں کے زیر اثر اسلام آباد اور راولپنڈی میں گھنے بادل گھِر گھِر آئے، گرجتے بادل چھما چھم برسے تو جل تھل ایک ہو گیا۔
قدرتی نظارے اجلے اجلے ہوئے اور موسم کی خنکی بھی بڑھ گئی۔ لاہور میں صبح سویرے ہی آسمان پر بادل چھا گئے، بادلوں سے پانی کی بوندیں ٹپکیں تو ہر چیز پر نکھار آگیا، رم جھم کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے موسم دلفریب بنا دیا۔
زیارت اور قلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے جس سے معمولات زندگی منجمد ہو کر رہ گئے ہیں۔
موسم کی خبر دینے والوں نے بتلایا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر بادل برس سکتے ہیں جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔