اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد واقعے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کل ہوگی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سپریم کورٹ کے وکیل طارق اسد کی جانب سے دائر کی جانے والی آئینی درخواست پر اسلام آباد واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ سکندر نامی شخص نے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے پندرہ اگست کی شام ساڑھے پانچ بجے فائرنگ شروع کی اور وفاقی دارالحکومت کو ساڑھے پانچ گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد واقعے کے ملزم سے نمٹنے میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور واقعے کی لائیو کوریج کی اجازت دینے پر چیف کمشنر اسلام آباد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس عظمت سعید پر مشتمل تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔