اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکٹر آئی 9 میں کچی آبادی سے ملحقہ نالے سے نوجوان کی ہتھکڑی لگی لاش ملی ہے.
اسلام آباد کے سیکٹر آئی 9 میں پولیس اسٹیشن سے ملحقہ نالے سے اہل علاقہ نے نوجوان کی لاش نکالی ہے جس کے ہاتھ ہتھکڑی سے بندھے ہوئے تھے۔ لاش نکالنے کے بعد متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکاروں نے متوفی کے ہاتھوں سے ہتھکڑی نکالنے کی کوشش کی تاہم اہل علاقہ نے پولیس اہلکاروں کو نعش کو ہاتھ لگانے سے روک دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نالے سے ملنے والی لاش چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم کی ہے جس نے پولیس حراست سے فرار ہونے کے لئے نالے میں چھلانگ لگائی تھی تاہم وہ وہاں سے نکلنے میں ناکام ہوگیا اور ڈوب کر اس کی موت ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کا تبادلہ کردیا ہے۔
دوسری جانب مرنے والے نوجوان کو لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کا عزیز دوب کر نہیں بلکہ پولیس تشدد سے ہلاک ہوا ہے جسے چھپانے کے لئے پولیس نے اس کی لاش نالے میں پھینکی ہے، اس لئے متعلقہ ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔