اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی اور آئی کے 7 سب سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاؤن جبکہ بنی گالہ سمیت 6 علاقوں میں لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا۔
متاثرہ علاقوں میں دکانیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ اور دفاتر بند رہیں گے جبکہ پابندیوں کا اطلاق 9 اپریل تک ہوگا۔ انتظامیہ نے ڈی ایچ او کی سفارش پر بنی گالہ، لوئی بھیر، پی ڈبلیو ڈی، ڈی ایچ اے فیز ٹو، سوان گارڈن میں مکمل لاک ڈاؤن جبکہ جی ٹین ٹو، جی ٹین تھری، جی نائن ٹو، جی الیون تھری، جی الیون ون اور آئی ایٹ تھری میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اپریل سے شادی تقریبات سمیت ہر قسم کی تقریبات نہیں ہو سکیں گی، شب برات پر اسلام آباد کے قبرستانوں میں کسی بھی قسم کی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، میتوں کی تدفین دوبارہ کورونا ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی، سکولوں کھولنے پر پرنسپل کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پہلی بار شہر میں کورونا کی شرح 12 فیصد ہوگئی ہے۔
راولپنڈی انتظامیہ نے بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 43 مقدمات درج کر کے 60 افراد جبکہ اسلام آباد کے علاقہ آبپارہ میں 6 دکانوں کو سیل کر کے 13 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی آپریشنز مصطفی تنویر کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کو لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی تعداد کے معاملہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔