اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کے جائزہ کے لئے اسلام آباد پولیس، پاک فوج، رینجرز، اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ فلیگ مارچ کیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان کہتے ہیں فلیگ مارچ کا مقصد تخریب کاروں کو پیغام دینا ہے قانون نافذ کرنیوالے ادارے پوری طرح چوکس ہیں۔ آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان کی زیر نگرانی فلیگ مارچ سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد سے شروع ہوا۔
مشترکہ فلیگ مارچ میں وفاقی پولیس، پاک فوج، رینجرز کے نوجوانوں اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں اور سو سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اسلام آباد کے چاروں زونل ایس پی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ڈی پی اوز اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی فلیگ مارچ میں شریک تھے۔
فلیگ مارچ شہر کے چاروں زونز کے مختلف رہائشی علاقوں، کاروباری مراکز اور محرم الحرام کے جلوس کے راستوں سے ہوتا ہوا واپس سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوا۔ آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان کا کہنا ہے۔
کہ فلیگ مارچ کا مقصد سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور شو آف پاور ہے۔ فلیگ مارچ کے ذریعے تخریب کار اور شرپسند عناصر کو پیغام پہنچایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔