کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے اسلام آباد میں سندھ کے وزرا، اراکین اسمبلی اور افسران کیلیے نیا سرکاری مہمان خانہ (نیو سندھ ہاؤس) تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہاؤس جدید طرز تعمیر کے ساتھ پرکشش سہولتوں سے آراستہ ہو گا اور مجوزہ سندھ ہاؤس 45 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر تعمیر ہوگا، سندھ ہاوس میں28 سوئٹس بنائے جائیں گے، اسلام آباد میں سندھ حکومت کے نئے سرکاری مہمان خانے کی تعمیر پر ساڑھے 7 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سندھ حکومت نئے سندھ ہاؤس کے ساتھ موجودہ سندھ ہاؤس اسلام آبادمیں وی وی آئی پیز کی 2 انیکسیز کی توسیع و مرمت پر لاکھوں روپے خرچ کرے گی۔
سندھ ہاؤس اسلام آباد کے ریزیڈنٹ انجینئر ناصر جمال نے نئے سندھ ہاؤ س کی تعمیر کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد آنے والے وزرا، اراکین اسمبلی اور افسران کیلیے جگہ ناکافی ہے اوراس لیے نئے سندھ ہاؤس کی تعمیر ناگزیر ہے۔
عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت سندھ صوبے کے عوام کے پیسے پرشاہ خرچیوں کے بجائے عوام کے مسائل حل کرے اور امن وامان کے قیام پر فنڈ خرچ کرے۔