فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کا رپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ نے کہا ہے کہ 30 اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کرنیوالے یوٹرن خان نے ایک اور یوٹرن لے لیا ہے۔ جبکہ عوام نے بھی یہ بات محسوس کر لی ہے کہ اقتدار کی بھوک میں ”کملے” ہونے والے عمران خان کے پیچھے چلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
30 اکتوبر کو اتوار ہو یا کوئی اور دن مگر یہ حقیقت ہے کہ انہیں عوام کی جانب سے کوئی رسپانس نہیں ملا مگر وہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف تاریخ میں تبدیلی کرکے خفت مٹا رہے ہیں تاہم وہ یادرکھیں دن کوئی بھی ہو اورتاریخ کوئی بھی آجائے اسلام آباد کھلا ہی رہے گا اورکسی کی خواہش پر کوئی بھی شہر بند نہیں ہوسکے گا ‘ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جس سمت کا تعین کیا ہے وہ عظیم تر ترقی کی سمت ہے اورہم اس پر پھونک پھونک کر پائوں رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
عمران خان اورشیدا ٹلی سمیت کوئی بھی ملک دشمن یا یہودیوں کا ایجنٹ ہمیں ہمارے ایجنڈے سے نہیں ہٹا سکتا’ ہم آنکھیں بند کرکے نہیں بلکہ کھول کر آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمارے بڑھتے قدموں کو اگر اللہ نہ روکے تو پھر کوئی روکنے کی جرأت نہیں کرسکتا ‘ میوزیکل شوز اور مداریوں کی طرح مجمع لگا کر عوام کو گمراہ کرنیوالوں کو پہلے بھی منہ کی کھانا پڑی تھی ایک مرتبہ پھر کھانا پڑے گی پاکستان ہر حال میں ایشین ٹائیگر بنے گا کیونکہ یہی وقت کی آواز اور زمینی حقیقت ہے۔