اسلام آباد: آج سول انتظامیہ کے ساتھ فوج سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالے گی

Pak Army

Pak Army

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں آج سے فوج سول انتظامیہ کے ساتھ سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ وفاقی حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت تین ماہ کے لیے فوج کی خدمات حاصل کی ہیں، اس بات کا اعلان آج سے کچھ دن قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کیا تھا۔

چوہدری نثار کے مطابق فوج اسلام آباد کی سیکورٹی کے تقاضے پورے کرے گی، حکومت کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں اور محدود سیکورٹی مقاصد کے تحت فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ابتدائی طور پر اسلام آباد میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کے 350 جوان سیکورٹی کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ فی الحال انہیں ’’اسٹینڈبائی‘‘ پوزیشن میں رکھا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق فوج طلب کرنے کا یہ فیصلہ آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ ردِ عمل کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی تین ماہ کے لیے کی گئی ہے تاہم اس دورانیے میں اضافہ یا کمی کی جا سکتی ہے۔