اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد اور گرد و نواح میں شدید بارش نے لوگوں کو گھروں میں قید کر دیا۔ وفاقی دارلحکومت کے نواحی علاقے بری امام میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ روزے دار پریشانی کا شکار ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ تیز ہوا کے تھپیڑوں کے ساتھ خوب زور کی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وفاقی دارلحکومت کے نواحی علاقے بری امام میں بارش کا منہ زور پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ جس سے روزے داروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ بری امام کے لوگ اپنا سامان پانی سے خراب ہونے سے بچانے کی کوششوں میں ہیں۔ لوگ منتظر ہیں کہ نکاسی آب کی کوششیں کب شروع ہوں گی۔ اور انہیں اس ناگہانی مصیبت سے نجات ملے گی۔
موسلا دھار بارش اور کسی طوفان جیسی ہوا سے وزیراعظم اسٹاف کالونی کی دیوار گر گئی۔ اسٹاف کالونی کے لفظ وزیراعظم نے تو اپنا کام دکھا دیا۔ شہر کی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور سرکاری کارندے کالونی پہنچ گئے۔ لیکن زور و شور سے جاری تیز بارش امدادی کارروائی کے آگے آڑے آ گئی۔ وفاقی دارلحکومت کی پولیس کو بھی ریسکیو کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مون سون بارشوں نے ملک کے مختلف شہروں میں تباہی مچادی ہے۔ اسلام آباد میں کے نواحی گاں سید پور میں سب سے زیادہ دو سو سترہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سیالکوٹ کے گاں دروال میں شدید بارش سے خاتون جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوگئے جبکہ نالہ ڈیک میں طغیانی سے بیس سے زائد دیہات زیر آب آگئے ۔ شکر گڑھ میں بارش کے سبب مکان کی چھت گرگئی جس کے سے ایک بچہ جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
دوسری جانب خیبر پختوں خوا اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ میر پور آزاد کشمیر اور مضافاتی علاقوں میں مسلسل دس گھنٹے ہونے والی شدید بارش کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کراچی میں موسم ابر آلود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، وسطی پنجاب اور گلگت میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔