اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی خواتین اور ان کی سہولت کاروں سمیت 45 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سمیت 100 کمانڈوز نے ایس پی ایس آئی یو کیپٹن الیاس کی سربراہی میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث 20 غیر ملکیوں سمیت سمیت خواتین، ان کی 3 سہولت کاروں اور 4 لڑکوں کو گرفتار کیا۔
گرفتار غیر ملکی خواتین کا تعلق چین، آزربائیجان، ازبکستان، نائیجیریا اور ترکمانستان سے ہے جب کہ گرفتار ہونے والوں میں 2 بدنام زمانہ خواتین بھی شامل ہیں جو گزشتہ 20 برس سے اس غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث تھیں۔
غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواتین کی سرپرستی کرنے کے الزام میں وفاقی پولیس کے 3 حاضر سروس افسران کے کرنے کاانکشاف بھی ہوا ہے۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اگر پولیس افسران کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔