اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

Islamabad United

Islamabad United

دبئی (جیوڈیسک) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 174 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈی آر سمتھ اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو نصف سینچری تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکور ابھی 54 رنز تک پہنچا تھا کہ گزشتہ میچ میں سینچری بنانے والے شرجیل خان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ شرجیل خان کو مکلم نے بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمتھ تھے۔ جنہوں نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ذولفقار بابر کی گیند پر پیٹرسن نے ان کا کیچ پکڑا۔ آندرے رسل تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف 7 رنز بنا کر اعزاز چیمہ کا شکار بنے۔ چوتھی وکٹ خالد لطیف کی گری جو 16 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر ذولفقار بابر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بسم اللہ خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے اوور کی تیسری گیند پر بسم اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے وکٹ دے بیٹھے۔ محمد عرفان کی گیند پر ہیڈن نے ان کا کیچ لیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکور ابھی 33 رنز پر پہنچا تھا کہ کیون پیٹرسن اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ آندرے رسل کی گیند پر آصف علی نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔

کیون پیٹرسن نے 18 رنز بنائے۔ میچ کی صورتحال اس وقت دلچسپ ہو گئی جب عمران خالد نے احمد شہزاد کا کیچ چھوڑ دیا۔ میچ کے گیارہویں اوور میں محمد عرفان کی گیند احمد شہزاد نے اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش کی تھی۔ دوسری جانب دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز کمارا سنگاکارا نے شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔ سنگاکارا نے صرف تیس گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ تاہم کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز کا سکور ابھی 120 پر پہنچا تھا کہ سنگاکارا پچپن رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آندرے رسل کی گیند پر عمران خالد نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد احمد شہزاد نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز محمد نواز زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ بدری کی گیند پر کٹ شارٹ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔ محمد نواز نے صرف 7 رنز بنائے۔ ٹیم کا سکور ابھی 147 رنز پر پہنچا تھا کہ احمد شہزاد بھی آؤٹ ہو گئے۔

محمد سمیع کی گیند پر بدری نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ اس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بھی 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد عرفان کی گیند پر سمتھ نے ان کا کیچ لیا۔ میچ کا سیکنڈ لاسٹ اوور انور علی نے ضائع کر دیا۔ محمد سمیع کے اس اوور میں انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔

آخری اوور میں انہوں نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا تاہم انور علی چوتھی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد انور نے صرف 13 رنز بنائے۔ اننگز کی آخری گیند پر ایلیٹ نے چھکا مار کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکور کو 174 تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے رسل کامیاب بولر رہے جنہوں نے 36 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر بولرز میں محمد عرفان نے 2 جبکہ بدری اور محمد سمیع نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔