اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت اگلے چند روز تک جاری رہے گی۔سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں شدید گرمی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہیں۔گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی برف اور ٹھنڈے مشروبات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
گذشتہ روز لاڑکانہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا۔ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سورج آگ برسا رہا ہے۔پنجاب میں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ گرمی میں اضافے سے کئی موسمی امراض بھی تیزی سے پھیلنے لگے ہیں۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی گرمی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ خیبر پختوخوا میں بھی آج موسم گرم ہے۔