اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئی

Gilgit Baltistan

Gilgit Baltistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) بالائی علاقوں میں برفباری نے ایک بار پھر موسم انتہائی سرد کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر،اسلام آباد، بالائی پنجاب میں بارش اور مری، کالام اور مالم جبہ میں برف باری کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے علاقے غذر اور استور میں گزشتہ دو دن سے وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے ، برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ پہلے سے بند زمینی راستے ابھی کھلے نہیں تھے کہ مزید برفباری نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

خوراک، دواوٴں اور پینے کے پانی کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ خشک سردی سے لوگ بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ بلوچستان کے علاقوں قلات، زیارت اور پشین میں ہلکی برفباری ہورہی ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ادھر پنجاب میں بھی گزشتہ روز کی بارش کے بعد ہلکی سردی برقرار ہے، تاہم سندھ کے شہروں میں اب موسم آہستہ آہستہ گرم ہوتا جارہا ہے۔