اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں آئی ٹین ون کے قریب کار نہ روکنے پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے کار میں سوار نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا، فائرنگ کرنے والا اہلکار موقع سے فرار ہو گیا۔
تھانہ سبزی منڈی پولیس کے آئی ٹین ون کے قریب گشت پر مامور پولیس پولیس کے ایگل سکواڈ کے اہلکاروں نے ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا، ڈرائیور کے نہ رکنے پر پولیس اہلکار سمیع نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کار میں سوار نوجوان تیمور ریاض موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود خاتون محفوظ رہی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص تیمور ریاض کا تعلق مردان سے ہے جو خاتون کے ہمراہ لاہور جا رہا تھا۔ فائرنگ کے بعد پولیس اہلکار اپنے ساتھی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ہلاک شخص کی لاش کو پمز ہسپتال اور خاتون کو تھانہ سبزی منڈی منتقل کر کے فرار اہلکاروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔