کراچی (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ رات ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات نے ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سورج آنکھیں دکھا رہا ہے اور پارہ بلندیوں کو چھونے لگا۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے زیادہ تر علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور جھلسا دینے والی لو کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت گرنے لگا جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا ، شہر اقتدار میں آج بھی جزوی طور پر مطلع ابر آلود ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم مالاکنڈ ڈویژن ، گلگت بلتستان، بالائی فاٹا اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔