اسلام آباد: آندھی کے باعث پارکنگ میں کھڑا نجی ائر لائنز کا طیارہ دیوار سے ٹکرا گیا

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) نجی ائرلائنز کا طیارہ اے 320 تیز آندھی، طوفان کے باعث بے نظیر ائر پورٹ پر دیوار سے ٹکرا گیا جس سے اسے شدید نقصان پہنچا۔

طیارہ پارکنگ میں موجود تھا، تیز ہوا کے دبائو سے حرکت شروع کر دی اور رائل ائر پورٹ سروسز کے مرکزی دفتر کی دیوار سے ٹکرا گیا۔ سول ایوی ایشن تخمینہ لگا رہا ہے۔ آندھی اور تیز بارش کے باعث مختلف پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، کچھ پروازوں کو لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔

اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش اور اولے پڑنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آبادکے علاوہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا تاہم اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔

سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 گری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو، نورپور تھل، بھکر، دالبندین، نوکنڈی 44، روہڑی، موہنجودڑو، رحیم یار خان، میانوالی، بہاولپور، لاڑکانہ اور بہاولنگر میں 43، لاہور 42 جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں 41 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔