اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے ونٹر اسٹڈی کیمپ کا اہتمام کیا گیا
Posted on March 6, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور(6 مارچ 2013)اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے ونٹر اسٹڈی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ونٹر اسٹڈی کیمپ تین ماہ تک جاری رہا۔ اسٹڈی کیمپ میں گلگت بلتستان سے میٹرک اور انٹر کے ڈیڑھ سو زائد طلبہ کو شریک کروایا گیا۔ اسٹڈی کیمپ کی اختتامی تقریب گذشتہ روز سید مودودی انسٹٹیوٹ منصورہ میں منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ آزاد جموں وکشمیر راجہ نزاکت علی خان تھے۔
تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ترقی کی راہیں کھلیں گی۔تعلیم کے فروغ کے لیے جماعت اسلامی کا جامع منشور عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ تعلیم ہی وہ شعبہ ہے جس میں مزید بہتری لا کر ہم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑے ہو سکتے ہیں۔ تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔ جعلی ڈگری ہولڈر جب پارلیمنٹ میں آئیں گے۔
تو پھر تعلیمی ترقی کے خواب ادھورے ہی رہیں گے پھر کرپشن، اقرباء پروری اور رشوت خوری کا رواج ہو گا۔ عوام قابل ،ایماندار اور مخلص لوگوں کو جب پارلیمنٹ میں بھیجے گی تو ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔نوجوان تبدیلی کے لیے ہر اول دستہ ہیں۔ طلبہ تعلیمی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
تعلیمی نظام کی بہتری سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔جمعیت کے زیر اہتمام طلبہ کی
کونسلنگ کا نظام مستقبل میں بہتر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جمعیت زبیر حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیمی ترقی از حد ضروری ہے ۔تعلیمی بجٹ میں اضافہ کر کے فروغ تعلیم کے لیے جامع پالیسی بنائی جانی چاہیے ۔زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ جمعیت کے زیر اہتمام کوئٹہ، میرپور، راولپنڈی ،اسلام آباداور لاہور میں بڑے ونٹراسٹڈی کیمپ کیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں درجنوں کوچنگ سینٹرز میںطلبہ کی مفت رہنمائی کی جا رہی ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ طلبہ کی بہتر رہنمائی کی ہے، ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے طلبہ محنت کو اپنا شعار بنائیں کیوں کہ طلبہ ہی اس دیس کا مستقبل ہیں۔ناظم جموں وکشمیر راجہ نزاکت علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کے دوران برف باری کی دجہ سے تعطیلات ہوتی ہیں، سخت موسم میں طلبہ کے لیے اپنی تعلیم جاری رکھنامشکل ہو جاتا ہے۔
طلبہ کی ایک بڑی تعداد اس سخت ترین موسم میںتعلیم جاری نہیں رکھ سکتی اس لئے جمعیت ان علاقوں کے طلبہ کے لئے دیگر شہروں میںونٹر اسٹڈی کیمپس کا انتظام کرتی ہے جس کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی نقصان نہیں ہوتا۔ کئی سالوں سے ہزاروں طلبہ ان اسٹڈی کیمپس سے اپنی تعلیم کے حوالے سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ہر سال سینکڑوں طلبہ کو ان کیمپس کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔دریں اثناء طویل ونٹر اسٹڈی کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں مہمانان نے حسن ِکارکرِدگی کے انعامات تقسیم کیے۔ واضح رہے کہ اسٹڈی کیمپ تین ماہ سے زائد عرصہ جاری رہا ۔طلبہ کو قیام اور طعام کی سہولیات مہیاء کی گئیں۔