اسلامی جمعیت طلبہ آج نصاب میں تبدیلی اور انگریزی ذریعہ تعلیم کے خلاف پنجاب بھر میں یوم احتجاج منائے گی۔
Posted on March 26, 2013 By Tahir Webmaster لاہور
لاہور(25مارچ 2013ئ)اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت آج (منگل) نصاب تعلیم میں تبدیلی اور انگریزی ذریعہ تعلیم کے خلاف پنجاب بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ نے نصاب تعلیم میں تبدیلی اور انگریزی ڈریعہ تعلیم پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی اور سامراجی طاقتوں کی ایماء پر پنجاب حکومت نے نصاب میں تبدیلی کی اور ذریعہ تعلیم انگریزی کر دیا۔
جو کہ قومی زبان اردو کی اہمیت کو کم کرنے اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ماند کرنے مترادف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مائیکل بربر کی سربراہی میں پنجاب میں نصاب تعلیم کے حوالے سے کام کرنے والی کمیٹی نے پانچ سالوں میں نصاب میں تبدیلی کی بھرپور کوشش کی۔ مائیکل بربر بیرونی قوتوں کے اشارے پر قومی زبان اردو کے خاتمے اور نصاب کو مکمل غیر اسلامی کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
شہباز شریف نے نصاب میں تبدیلی کے حوالے جو نوٹس لیا وہ ایک سیاسی چال ہے اور عوام کے ردعمل کو کم کرنے کے لیے لیا گیا۔ کیونکہ وزیر اعلیٰ کے حکم کے بغیر نصاب تعلیم میں تبدیلی ممکن نہیں ، گزشتہ پانچ برس میں حکومت کے دوران شہباز شریف نے اپنی نگرانی میں نصاب میں تبدیلی اور انگریزی ذریعہ تعلیم کے لیے مائیکل بربر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی۔
ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ نے پنجاب حکومت کی طرف سے جماعت دہم کی کتاب میں سے مضامین نکالنے کی بھی شدید مذمت کی۔ شہباز شریف نے اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں بیرونی طاقتوں کی ایماء پر اپنے عزائم پورے کرنے کی کوشش کی ،اسلامی جمعیت طلبہ نصاب تعلیم میں تبدیلی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگی۔ ملک
میں مغربی تہذیب کو فروغ دینے کے لیے سیکولر نظام تعلیم کی سازشیں ہو رہی ہیں۔
پنجاب حکومت کی طرف سے ان سازشوں کا آلہ کار بننا انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ترجمان کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ نصاب میں تبدیلی اور ذریعہ تعلیم انگریزی کے خلاف آج پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھرپور احتجاج کرے گی۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ مال روڈ لاہور پر کیا جائے گا۔ جس کی قیادت اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے ناظم رائے حق نواز کریں گے۔