اسلامی جمعیت طلبہ نے بلوچستان کے پندرہ سو ہونہار طلبہ وطالبات کو ایوارڈز دئیے: صہیب الدین

Islami Jamiat Talaba

Islami Jamiat Talaba

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ جمعیت نے بلوچستان کے پندرہ سو سے زائد ہونہار طلبہ و طالبات کو ایوارڈز دئیے ہیں ۔ عزم ہمارا پاکستان مہم بلوچ طلبہ میں بھرپور مقبولیت حاصل کر رہی ہے جو کہ بلوچستان کے طلبہ کی حب الوطنی کا ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں دورہ بلوچستان کی تفصیل بتاتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت نے ایک ہفتے میں متعدد ٹیلنٹ ایوارڈ شو منعقد کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔

کوئٹہ، سبی، لورالائی، ژوب سمیت صوبے کے تمام بڑے کالجز میں ٹیلنٹ ایوارڈز سے جہاں ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے وہیں دوسری جانب ان کے اندر احساس محرومی کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ناظم اعلیٰ نے حکومت کی پالیسیوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے دیپ جلانے سے ہی ترقی کے خوابوں کو تعبیر ملے گی۔

بلوچستان میں تعلیم اور تفریح کے یکساں مواقع کے فروغ سے ہی نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد کے فائیو سٹار کمروں میں بیٹھ کر بلوچستان کے بارے میں بیان بازی کی بجائے بلوچستان کے پہاڑوں میں یہاں کے عوام کے پاس بیٹھ کر ان کے درد بانٹے جائیں ان کے آنسو کم کرنے کے لئے عملی کردار ادا کیا جائے۔ بلوچستان کے نوجوان محب وطن اور اسلام پسند ہیں وہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔وہ پاکستان کی آنکھوں کا جھومر ہیں۔
سید امجد حسین بخاری
سیکرٹری اطلاعات
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016