لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل فیصل جاوید نے کہا ہے کہ جمعیت 26اکتوبر کو طلبہ حقوق کے لئے پنجاب اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کرے گی۔پنجاب میں تعلیمی اداروں کی نجکاری ، میڈیکل کا لجز کی سیٹوں میں کمی ، انٹر بورڈ کے نتائج میں بے ضابطگیوں کے مجرمان کے خلاف کارروائی اور تعلیمی کرپشن پر آواز بلند کی جائے گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے جد وجہد کرنے والے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت تک پانچ ہزار سے زائد طلبہ نے مظاہرے میں شرکت کے لئے رجسٹریشن کروائی ہے جب کہ یہ تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے۔
حکومت نے موٹرے گروی، قومی اور تعلیمی اداروں کی نجکاری اور سرکاری یونیورسٹیز میں من مانے افراد کے ذریعے لوٹ مار کرکے ملک کو او ایل ایکس بنا دیا ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں کے رحم و کرم پرملک چلایا جا رہا ہے جو کہ حکومت کی ناکامی اقتصادی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے۔جمعیت طلبہ حقوق مہم کے ذریعے قوم کے مستقبل کی آواز حکومتی ایوانوں تک پہنچائے گی۔
فیصل جاوید نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ میٹرو اور اورنج لائن کامنجن بیچنے کی بجائے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی پوراکرنے کے لئے میڈیکل کالجز کی نشستوں میں اضافہ کرے۔ خادم اعلیٰ عالمی مالیاتی اداروں کے دبائو میں آکرتعلیمی اداروں کا اتوار بازار کھولنے سے گریز کریں ۔