لاہور (سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی غزہ اتوار 13 جولائی کو منایا جائے گا جس کا مقصد غزہ کے مسلمانوں کے دکھ میں ان کا ساتھ دینا اور اقوام عالم کی توجہ غزہ کے مسلمانوں کی طرف مبذول کروانا ہے۔
ملک بھر میں ریلیاں، سیمینارز، تصویری نمائشوں سمیت دیگرپروگرام منعقد کئے جائیں گے، اس کا اعلان ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ نے مظفرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کے دیگر اداروں کی جانب سے اسرائیل کی پشت پناہی شرمناک ہے اور مہذب دُنیا کے لئے ایک طمانچہ ہے۔ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی ناقابل برداشت ہے۔