لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر میں سٹوڈنٹ ایجوکیشنل ایکسپو کا پہلا دن مکمل ہوگیا ، اس موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد زبیر حفیظ نے ایجوکیشنل ایکسپو لاہور کو باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں ہونے والے شہدا کے نام کردیا۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے نہتے طلبہ پر بزدلانہ حملہ ملک کے مستقبل پر حملہ ہے۔تعلیمی اداروں پر حملے درحقیقت پاکستان کے مستقبل پر حملے ہیں۔ دہشت گرد پاکستا ن میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں مگر پاکستان کے نوجوان ان کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنیں گے۔اسلامی جمعیت طلبہ آج ملک بھر میں یوم سیا ہ منائے گی جس میں تعلیمی اداروں میں سیاہ جھنڈے اور مذمتی بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کیاہے ۔پاکستان قائداعظم ، علامہ اقبال اور ہزاروں شہداء کی امانت ہے۔یونیورسٹی میں شہید ہونے والے معصوم طلبہ و طالبات ہمارا سرمایہ ہیں ، ملک کی حفاظت کے لئے ہمارا جان و مال حاضر ہے۔پاکستان میں ٹیلنٹ کی بے قدری ہے، سفارش کلچر اور پرچی سسٹم نے ملک کے نوجوانوں کو مایوسی کی دلدل میں دکھیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگی تعلیم نے ملک میں تعلیمی نظام کا شیرازہ بکھیر دیا ہے۔ دریں اثناء ایکسپو میں ٹیلنٹ گالا،مقابلہ جات،نیلام گھر،نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شوز، ورکشاپس،انٹرنیشنل سیشن، جامعات اور کالجز کے سٹالز، یوتھ برانڈز، ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیز کے اسٹالز، گیمنگ زون،کنسلٹنسی سٹالز،بک فیئر اور فوڈ سٹالز شامل لگائے گئے تھے۔
جن میں طلبہ و طالبات نے بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔تین ہزارسے زائد طلبہ و طالبات نے ایکسپو میں رضا کارکے طور پر اپنی خدمات پیش کیں۔انٹرنیشنل سیشن میں مشہور نوجوان سکالر وائل ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے لئے رول ماڈل ہے، مسلم اتحاد میں پاکستانی قوم کو نیوکلیس کی حیثیت ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کا مشکور ہوں جس نے مجھے مسلم امہ کے ان عظیم اور پر امید نوجوانوں سے مخاطب ہونے کا موقع دیا۔
جبکہ مشہور مسلم سکالر ڈاکٹر بلال فلپس نے کہا کہ مسلم نوجوان اس وقت اپنے کردار پاکستان کے نوجوان مغربی ثقافتی یلغار کے آگے بند باندھنے کے لئے مسلم نوجوانوں کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں۔ مزید برآں اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتما م باچا خان یونیورسٹی میں شہید ہونے والے طلبہ و اساتذہ سے اظہار یک جہتی کے لئے ایکسپو سینٹر میں خصوصی دعائیہ تقریب اورشمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر نوجوانوں نے اس بات کا عہد کیا کہ ملک پاکستان کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے،۔