اسلامیہ یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر اجمل خان کو بازیاب کرا لیا گیا

 Ajmal Khan

Ajmal Khan

پشاور (جیوڈیسک) اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان کو سیکیورٹی اداروں نے بازیاب کرالیا ہے۔

عسکری ذرائع کے مطابق پروفیسر اجمل خان کو شمالی وزیرستان کے ایک علاقے سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران بازیاب کرایا گیا جس کے بعد انہیں پشاور میں ان کے گھر پہنچا دیا گیا ہے، دوسری جانب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی کی بازیابی پر ان کے اہل خانہ اور سول سوسائٹی نے سیکیورٹی اداروں سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

پروفیسر اجمل خان بازیاب ہونے کے بعد جب اپنے گھر پہنچے تو ان کی صحت اتنی اچھی دکھائی نہیں دے رہی تھی، نمائندے کا کہنا تھا کہ اجمل خان پہلے ہی کئی امراض میں مبتلا تھے تاہم دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بننے کے بعد ان کی صحت مزید خراب ہوگئی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر اجمل نے بتایا کہ اغوا کاروں نے مجھے گن پوائنٹ پر اغوا کیا اور راستے میں بے ہوشی کے ٹیکے لگاتے رہے اور جب مجھے ہوش آیا تو خود کو پہاڑی علاقے میں پایا۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کاروں نے مجھ سے اچھا سلوک کیا لیکن اغوا سے لے کر بازیابی تک کا تمام وقت ایک ڈراؤنے خواب کی طرح تھا اور اب گھر آکر دنیا بدلی بدلی لگ رہی ہے۔

واضح رہے کہ پروفیسر اجمل خان کو 2010 میں دہشت گردوں نے یونیورسٹی جاتے ہوئے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔