کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ و سابق ممبر قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے جو کام حکومتوں کے کرنے کے تھے ان کاموں کو بھی جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل کے باوجود انجام دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تعاون سے نارتھ کراچی کے سیکٹر 5-Jکے دو مختلف مقامات پر الخدمت ہینڈ پمپ بورنگ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر نائب امیر زون و ناظم علاقہ عبدالعزیز فیصل جمیل صدیقی، ناظم حلقہ طاہر نذیر اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی ایک ایسا شہر ہے جو 70%فیصد ٹیکس ادا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود ایک عرصے سے تباہ حالی کا شکار ہے کراچی کی سڑکیں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ہر گلی و محلے میں گندگی کا ڈھیر ہے، پانی کا بحران، ٹرانسپورٹ کے مسئلے کی سنگینی کا یہ عالم ہے کہ لوگ بسوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ بستیوں میں روڈوں پر گٹر بہہ رہے ہیں۔
بڑے ہسپتالوں کی صورتحال یہ ہے کہ وہاں شہریوں کو علاج کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ تعلیم گاہوں میں اسکولوں کا برا حال ہے۔ بڑی تعداد میں بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ ان سب مسائل سے کراچی کے شہری شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کو سنہرے باغ دکھا کر ان کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کہاں ہیں جن کی غفلت اور مفادات کی جنگ نے کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔ فیصل جمیل صدیقی نے کہا کہ نااہل انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے کراچی جیسا شہر پانی کی قلت کا شکار ہے، جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کرتی رہے گی اور خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔