اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلامی ملکوں کے اتحاد پر مشیر خارجہ کا سینیٹ میں گول مول بیان ۔ ایوان بالا میں پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سب کچھ دیکھنے کے بعد سعودی اتحاد میں شامل ہونےکا فیصلہ کیا تاہم پاکستان کے کردار پرمشاورت کی جا رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے چار مسلم ممالک کی اتحاد میں عدم شمولیت کے حوالے سے استفسار کیا تو سرتاج عزیز نے جواب دیا کہ صرف پاکستان نہیں 34 ممالک اتحاد میں شامل ہوئے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا ایوان کو دوسرے ممالک کا نہیں پاکستان کے بارے میں بتایا جائے۔
یہاں گپ شپ نہیں ہو رہی آپ پارلیمنٹ میں حکومتی موقف دے رہے ہیں۔ سرتاج عزیز نے واضح جواب دینے کے بجائے کہا دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی پوری دنیا معترف ہے۔