اسلام کے اہم رکن زکوة کا نصاب

Zakat

Zakat

تحریر : نعیم الاسلام
زکوٰة و عشر اسلام کے اہم رکن ہیں، کسی بالغ مسلمان پر ایک سال سے اس کی ضروریات سے زیادہ مال ایک سال سے زیادہ رہے تو اس پر زکوٰة فرض ہو جاتی ہے وہ تعداد جس پر زکوٰة فرض ہوتی ہے اسے نصاب کہتے ہیں سونے چاندی کا نصاب: سونے کا کا نصاب ساڑھے سات تولہ کے برابر بنتا ہے اور چاندی کا نصاب ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہے۔

کرنسی کا نصاب: زکوٰة کے معاملہ میں ہم پیپر کرنسی نوٹ کو چاندی کے ساتھ رکھیں گے کیونکہ زکوٰة کا مقصد غرباء و مساکین کا تعاون کرنا ہے ، لہٰذا ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر رقم پرزکوٰة ہو گی۔ بالفرض اگر یہ قیمت پچیس ہزار ہے تو ضروریات سے زائد پچیس ہزار یا اس سے زائد رقم اگر سال بھر ہمارے پاس رہے تو اس پرزکوٰة فرض ہو گی۔زکوٰة اپنی ملکیت پر فرض ہوتی ہے جب زکوٰة کا حساب کریں گے تو اپنے لین دین ملکیت کی بنیاد پر دیکھیں گے جو پیسے ہم نے کسی سے لینے ہیں اگر ملنے کا یقین و امید ہے تو انہیں شامل کریں گے۔

یعنی اگر ایک لاکھ ہمارے پاس ہے اور ایک لاکھ کسی نے بطور قرض ہم سے لیا ہوا ہے تو ہماری ملکیت دو لاکھ ہے۔ ہم دو لاکھ کے حساب سے زکوٰة دیں گے اور اگر اس کے ملنے کے امکانات نہیں ہیں تو پھر انہیں اپنے حساب سے وقتی طور پر خارج کر دیں گے۔ جب مل جائیں تو اس وقت زکوٰة دے دیں گے نہ ملے تو اگر وہ واقعی مستحق ہو غریب ہو گیا ہو تو اسے ہیزکوٰة میں چھوڑ سکتے ہیں۔ اگر وہ دینے سے ہی انکارکرتا ہے تو سمجھ لیں ہماری ملکیت ختم ہے۔ جو مالک ہے اس پرزکوٰة فرض ہے۔ مثلاً زیورات عورت کے پاس ہیں اور وہی اس کی مالکہ ہے توزکوٰة بھی اسی پر ہو گی۔ وہ اپنے پاس سے ادا کرے یا زیور سے دے۔ خاوند یا کوئی اور اگر اپنی طرف سے اس کیزکوٰة ادا کریں تو یہ ان کا احسان ہو گا کہ تمہاریزکوٰة ہم ادا کر دیتے ہیں۔ ورنہ عورت کی زکوٰة خاوند کے سر نہیں ہوتی۔ اسی طرح والد، بیٹی، بہن جو بھی مالکہ ہے اس پر زکوٰة ہے۔

Wheat

Wheat

زمینی پیداوارکا نصاب:یہ پانچ وسق ہے ایک وسق ساٹھ صاع کا ہوتا ہے اور ایک صاع بحساب گندم دو کلو کاہوتا ہے ، اس لحاظ سے یہ پندرہ من بنتا ہے لہذاپندرہ من آمدنی ہو تو زمین کی پیداوار پرزکوٰة فرض ہو گی زمینی پیداوار کی زکوٰة کو عُشر یا نصف العشر کہتے ہیں اگر زمین بارانی ہے جس پر اخراجات نہیں آتے جیسے ریگستان میں چنے وغیرہ جن کا انحصار صرف آسمانی بارش پر ہے تو اس کی زکوٰة عُشر کی شکل میں دسواں حصہ ہو گی اگر زمین ایسی ہے جس پر اخراجات آتے ہیں تو ان اخراجات کی وجہ سے آدھی زکوٰة اللہ تعالیٰ نے معاف فرما دی اور باقی آدھی نصف العشر بیسواں حصہ ادا کرنا ہو گی زمین پر اخراجات چاہے کسی بھی شکل میں ہوں کھاد، ادویات،حصہ، ٹھیکہ سب ایک ہی قسم شمار ہوں گے چونکہ اخراجات کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ویسے ہی آدھی زکوٰة معاف فرما دی ہے لہٰذا ہم مزید کم نہیں کر سکتے بلکہ ساری آمدنی میں سے زکوٰة ادا کریں گے بعد میں اپنے اخراجات نکالیں گے۔

قرض کی زکوٰة:یہ دو طرح سے ہو گی ایک شخصی قرضہ پر ہوتی ہے جو کسی شخص سے ہم نے لیا اور اسے وقت مقررہ پر ادا کرنا لازم ہے ایسی شکل میں پہلے قرض ادا کیا جائے گا اور قرضے کی رقم کو اپنی ملکیت نہیں سمجھا جائے گا اور دوسری کاروباری قرضہ پر ہوتی ہے، اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ کاروباری لین دین چلتا رہتا ہے پانچ لاکھ روپیہ لگاکر اپنا کاروباری سرکل چلایا ہے اسی سے کاروبار بھی چلاتے ہیں، خرچ، اخراجات نکالتے ہیں، ضروریات پوری کرتے ہیں،شادی بیاہ، دکان، گاڑی سب معاملات کرتے ہیں اور آہستہ آہستہ لین دین بھی سیدھا کرتے رہتے ہیں ایسی صورت میں زکوٰة بھی ادا کی جائے گی اورکاروباری سرکولیشن کو اپنی ملکیت سمجھا جائے گا۔

بھیڑ بکریوں کی زکوٰة:اسکانصاب چالیس تعداد مقرر کیا گیا ہے یعنی چالیس سے لے کر ایک سو بیس تک ایک بکری،ایک سو بیس سے دو سو تک دو،پھر تین سو تک تین اسی طرح ہر سو پر ایک بکری کا اضافہ ہو گااگردو آدمیوں کا مشترکہ مال ہو توزکوٰة برابر تقسیم کر لی جائے گی زکوٰة سے بچنے کے لئے اکٹھے مال کو جدا جدا نہیں کیا جا سکتا، جیسے ساٹھ بکریاں ہوں تو انہیں تیس تیس کر کے کہنا کہ ہماری بکریاں نصاب سے کم ہیں لہٰذازکوٰة کوئی نہیںاسی طرح الگ الگ مال کو اکٹھا نہیں کیا جا سکتا جیسے دو آدمیوں کی چالیس ،چالیس بکریاں ہوں تو دو بکریاںزکوٰة ہوگی تو وہ دونوںاکٹھا کر کے کہیں کہ اسّی بکریاں ہیں اور ان میں زکوٰة ایک بکری ہے۔

گائے بھینس کا نصاب :اسکا نصاب تیس ہے ، چھوٹے بڑے سب جانور شمار کئے جائیں گے ،پورے تیس ہوں تو 39 تک ایک ایک بچھڑا،40 ہو جائیں تو ایک دودانتہ مونث جانورزکوٰة ہو گی اور اس سے اورتیس چالیس کے گروپ بنائیں گے اور ہر تیس سے ایک بچھڑا اور چالیس سے دو دانتہ مونث بھینس یا گائے ہو گی۔یعنی 60 ہوں تو دو گروپ بنا لیںگے 70 ہوں تو ایک تیس کا اور ایک چالیس کا اور اس سے اوپر بھی اسی طرح ہو گی۔

Quran

Quran

اونٹوں کی زکوٰة :اس کی دو صورتیں بکریوں اوراونٹوں کی شکل میں ہیں ، اس کیلئے کم از کم 5اونٹ بطور نصاب متعین کیے گئے ہیں یعنی 4تک زکوٰة نہیں اور اگر 5ہو جائیں تو 9 تک ایک بکری، 10سے 14 تک دو بکریاں، 15 سے 19 تک تین بکریاں اور 20 سے 24تک چار بکریاںزکوٰة ہوتی ہے جب 25ہو جائیں تو پھر بکریوں کی شکل میںنہیں بلکہ اونٹوں کی شکل میںزکوٰة ہو گی،25 تا 35 ہوں توبنت مخاض ایک سال کی اونٹنی زکوٰة ہے ، 36 تا 45ہوں توایک بنت لبون (دو سالہ اونٹنی )ہو گی، 46 تا 60کیلئے حِقّہ (تین سال کی اونٹنی) ہے، 61 تا 75ایک جذعہ (چار سالہ اونٹنی)ہے ،76 تا 90دو بنت لبون ہیں،91 تا 120 دوحِقّہ ہیں، 120 سے جب زیادہ ہو جائیں تو 40 کے گروپ بنائیں گے ہر40 میںایک بنت لبون اور ہر 50میںایک حِقّہ کی زکوٰة ہو گی۔

باغات اور فصلوں کی زکوٰة :کھڑی فصلوں کو دیکھ کر اور درختوں کے اوپر لگے پھلوں کو دیکھ کر اندازہ لگائیں گے کہ کتنا پھل ہو گا۔ اس اندازہ لگانے کو خرص کہا جاتا ہے اسی اندازے کی بنیاد پرزکوٰة کا فیصلہ اور وصولی ہو گی، وہ پھل جو تازہ خراب ہو جاتے ہیں ان کی زکوٰة خشک میوہ کی شکل میں وصول کی جائے گی مثلاً انگور کی زکوٰة کشمش کی شکل میں لی جائے گی۔

تاجر پیشہ کی زکوٰة:زکوة ملکیت سرمایہ پر ہوتی ہے اور یہ کبھی نقدی کی شکل میں ہوتا ہے اور کبھی کسی اور مال کی شکل میں ہوتا ہے، تو دکاندار، تاجر، کارخانے، فیکٹریوں والے اپنے سارے مال، خام مال، تیار مال، مشینری سب کی موجودہ قیمت کے حساب سے زکوٰة ا دا کریںگے۔ مشینری بھی سرمایہ ہوتا ہے اس کی بھی زکوٰة ہو گی اور یہ سب سرسری اندازے سے حساب ہو گا یعنی کپڑے والا اندازہ لگائے گا کہ میری دکان میں کتنا کپڑا ہو گا؟ دو لاکھ کامثلاً، کریانے والا اندازہ لگائے گا، برتنوں والا اندازہ لگائے گا اور باقی مال پر بھی اسی طرح زکوٰة متعین کی جا سکتی ہے۔

Naeem-ul-Islam

Naeem-ul-Islam

تحریر : نعیم الاسلام