کراچی (جیوڈیسک) القاعدہ سے منسلک ازبک عسکریت پسندوں پر مشتمل گروپ اسلامک موومنٹ آف ازبکستان نے کراچی حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ گزشتہ اتوار کی رات کراچی ایئر پورٹ پر کیا گیا حملہ القاعدہ سے الحاق شدہ تنظیم اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کے عسکریت پسندوں نے کیا، اس حوالے سے اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کی جانب سے بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی جانب سے کیا گیا یہ حملہ شمالی وزیرستان سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں پاک فوج کی فضائی کارروائیوں کا جواب تھا۔
اسلامک موومنٹ آف ازبکستان نے اپنی ویب سائٹ پر اس کارروائی میں حصہ لینے والے جنگجوؤں کی تصاویر بھی جاری کیں ہیں۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے بھی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملہ ان کی تنظیم اور اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کی مشترکہ کارروائی تھی۔ شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا ہمارا اوران کا مقصد مشترکہ ہے، اس لئے یہ بتانا ضروری نہیں کہ اس کارروائی میں حصہ لینے والے کتنے مقامی اور کتنے ازبک تھے۔
واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کراچی ایئر پورٹ پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس کے جوانوں سمیت 29 افراد شہید جب کہ 10 حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔ اس سے قبل کالعدم تحریک طالبان بھی ایئر پورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔